بیوی کی نازیبا تصاویر سالے کو بھیجنے کا جرم، شوہر کو قید اور جرمانہ
کراچی:کراچی کی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے ایک اہم مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے فیضان نامی ملزم کو 9 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس مقدمے میں ملزم پر الزام تھا کہ اس نے اپنی بیوی کی نازیبا تصاویر شیئر کیں اور اسے بلیک میل کیا۔
تفصیلات کے مطابق استغاثہ نے عدالت میں ثابت کیا کہ ملزم نے اپنی بیوی کی غیر اخلاقی تصاویر اُس کے بھائی کو واٹس ایپ کے ذریعے بھیجیں اور اس عمل کے ذریعے اسے بلیک میل کرنے کی کوشش کی۔ متاثرہ خاتون کے بھائی نے اس معاملے کی شکایت ایف آئی اے کے پاس درج کرائی جس کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کا موبائل فون قبضے میں لے لیا، جس میں نازیبا تصاویر موجود تھیں۔
ملزم کی بیوی نے عدالت کو بتایا کہ ان کی شادی 2019ء میں ہوئی تھی اور شادی کے بعد سے ہی ملزم اسے تشدد کا نشانہ بناتا اور پیسوں کا مطالبہ کرتا تھا۔ ان الزامات کی روشنی میں عدالت نے ملزم کو قصوروار قرار دیتے ہوئے پیکا ایکٹ کے تحت مجموعی طور پر 9 سال قید اور 90 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
وکیل صفائی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم کے موبائل فون کو غلط استعمال کیا گیا ہے، لیکن عدالت نے اس دلیل کو مسترد کر دیا کیونکہ ملزم کی جانب سے کوئی مضبوط گواہ یا ثبوت پیش نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ ملزم کے اس اقدام نے مدعی اور اس کی فیملی کی عزت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث اسے سخت سزا سنائی گئی ہے۔