لاہور: ہائیکورٹ کے 11 ججوں کو 36 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے کی منظوری کے فیصلے کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔
درخواست مشکور حسین نامی شہری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے چیف سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور دیگر کو تنازع میں فریق بنایا ہے۔
درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ ججز کو بلاسود قرضے غیر قانونی فعل ہے۔ ججز پہلے ہی بے شمار مراعات سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ نگراں حکومت عوام کا پیسہ اندھا دھند خرچ کرنے کی مجاز نہیں ہے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ نگران حکومت کی جانب سے ججز کو قرضے دینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ انہوں نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی کہ ججوں کو قرض کی منظوری کو غیر قانونی قرار دیا جائے اور حتمی فیصلے تک قرض کی ادائیگی کے خلاف حکم امتناعی جاری کیا جائے۔