لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی صوبہ پنجاب کے دارالحکومت سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرے گی جس کے لیے سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری بدھ کو لاہور پہنچیں گے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول مظفر گڑھ سے یہاں پہنچیں گے۔ وہ چار دن شہر میں قیام کریں گے۔ وہ 14 ستمبر کو پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جو سہ پہر 3 بجے بلاول ہاؤس میں شروع ہوگا۔
سی ای سی کے تمام اراکین کو اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ لطیف کھوسہ اور اعتزاز احسن کو بھی دعوت نامہ دے دیا گیا ہے۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی تھی کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان 90 دن بعد کیا جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئندہ انتخابات میں ریاست دشمن عناصر کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ سید والا بائی پاس پر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے گزشتہ انتخابات کے دوران پیپلز پارٹی کو درپیش چیلنجز کو یاد کیا، جیسے محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت اور علی حیدر گیلانی کا اغوا، اس کے باوجود پارٹی نے الیکشن لڑا۔