راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے علاقے ولی تنگی کے قریب سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملے کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور 3 دہشت گرد مارے گئے۔
فوج کے میڈیا ونگ کے مطابق دہشت گردوں نے ولی تنگی کے قریب سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کیا۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران صوبیدار قیصر رحیم بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے جبکہ ایک سپاہی شدید زخمی ہو گیا۔
آئی ایس پی آر نے ایک بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی کوششوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔
10 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع چترال میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم سات دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع چترال کے علاقے ارسون میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں مزید 6 دہشت گرد شدید زخمی ہوگئے۔ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کی جا رہی ہے۔