پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی پہلی کھیپ پہنچ گئی، قیمت اور خصوصیات سامنے آگئیں
پاکستان میں گاڑیوں کے شوقین افراد کے لیے ایک بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ چین کی مشہور چانگان کمپنی نے اپنی الیکٹرک گاڑیوں کی پہلی کھیپ پاکستان پہنچا دی ہے۔ 16 اگست 2024 کو چنگان نے اپنے دیپال برانڈ اور دو ماڈلز S07 اور L07 کی رونمائی کی تھی، اور اب 20 ستمبر 2024 کو ان گاڑیوں کی باضابطہ لانچنگ تقریب منعقد کی جائے گی۔
چانگان کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کی ایک بڑی کھیپ دیپال برانڈ کے نام سے پاکستان لائی گئی ہے۔ ان گاڑیوں کی بکنگ بھی شروع ہو چکی ہے، اور توقع ہے کہ دسمبر 2024 تک یہ گاڑیاں صارفین کو فراہم کی جائیں گی۔ اگر آپ بکنگ کروانا چاہتے ہیں، تو اپنے قریبی چانگان ڈیلر سے رجوع کر سکتے ہیں۔
دیپال S07 اور L07 الیکٹرک گاڑیاں جدید خصوصیات کی حامل ہیں۔ ان گاڑیوں کی خاصیت 250 ہارس پاور (320 این ایم) ہے، اور ان کی بیٹری کی گنجائش 66.8 کلو واٹ ہے جو ایک چارج پر 540 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہیں۔ ان گاڑیوں کی چارجنگ تیز رفتار ہے، جہاں 35 منٹ میں بیٹری 30 فیصد سے 80 فیصد تک چارج ہو سکتی ہے۔
ان گاڑیوں کی قیمت بھی سامنے آچکی ہے۔ دیپال L07 (سیڈان) کی قیمت 15.5 ملین روپے (1 کروڑ 55 لاکھ روپے) مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیپال S07 (SUV) کی قیمت 16.5 ملین روپے (1 کروڑ 65 لاکھ روپے) رکھی گئی ہے۔