پاکستان میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ، درآمدات میں بڑی کمی
کراچی : پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ کے زیر اثر نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ہفتہ وار بنیادوں پر فی تولہ سونا تقریباً 5 ہزار 100 روپے مہنگا ہوگیا، جس سے اس کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح یعنی 2 لاکھ 77 ہزار روپے تک جاپہنچی ہے۔ اسی دوران، 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 4 ہزار 372 روپے کا اضافہ ہوا، جس سے قیمت 2 لاکھ 37 ہزار 482 روپے ہوگئی۔
عالمی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت 48 ڈالر بڑھ کر 2 ہزار 665 ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس قدرے اضافے کے باوجود سونے کی درآمدات میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق، سونے کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 41.64 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
اگست 2024 میں پاکستانی امپورٹرز نے صرف 22 کلو سونا درآمد کیا، جس کا درآمدی بل 17 لاکھ 42 ہزار ڈالر رہا، جبکہ گزشتہ سال اگست میں 47 کلو سونا درآمد کیا گیا تھا، جس کا درآمدی بل 29 لاکھ 85 ہزار ڈالر تھا۔ جولائی کے مقابلے میں، اگست 2024 میں 10 کلو کم سونا درآمد ہوا ہے۔