مسلم لیگ ن سیاسی وعدوں کو پورا نہیں کر رہی:علی حیدر گیلانی
پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر علی حیدر گیلانی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سیاسی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ لاہور میں اک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وضاحت کی کہ پیپلز پارٹی پاور شیئرنگ فارمولے پر قائم ہے، لیکن اس میں کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک تحریری معاہدے کے باوجود اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا، جس کی وجہ سے معاملات جمود کا شکار ہیں۔
علی حیدر گیلانی نے پنجاب حکومت اور گورنر پنجاب کے درمیان وائس چانسلر کی تقرری کے حوالے سے اختلاف کو غیر ضروری قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دونوں فریقین مل کر بات چیت کرتے تو یہ معاملہ باآسانی حل ہو سکتا تھا۔ انہوں نے گورنر پنجاب کے آئینی کردار کو تسلیم کرنے پر زور دیا اور کہا کہ یہ ایک اہم معاملہ ہے جسے مسلم لیگ ن کو بھی تسلیم کرنا چاہیے۔
انہوں نے شکایت کی کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی سے سیاسی مذاکرات کی بجائے بیوروکریٹک رویہ اپنائے ہوئے ہے، اور ان کے درمیان سیاسی فاصلہ بڑھ رہا ہے۔ گیلانی کے مطابق، دونوں جماعتوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے اور پنجاب حکومت کے مختلف فیصلے اس کی عکاسی کرتے ہیں۔