پاک فوج نے افغان بارڈر پر خارجیوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی
راولپنڈی :سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے مطابق، 27 اور 28 دسمبر کی درمیانی شب 20 سے 25 خارجیوں نے افغان طالبان کی بارڈر پوسٹوں کا سہارا لے کر کرم اور شمالی وزیرستان کے دو مقامات سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاکستانی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ناکام بنا دیا۔
28 دسمبر کو صبح کے وقت، دہشتگردوں اور افغان طالبان نے مل کر پاکستانی پوسٹوں پر بغیر کسی اشتعال کے بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا۔ جواب میں، پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بھرپور کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کر دیا۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق، جوابی کارروائی میں 15 سے زائد دہشتگرد اور افغان طالبان کے ارکان ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔ مزید برآں، شدید فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے افغان طالبان چھ بارڈر پوسٹیں چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کئی مرتبہ افغان عبوری حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی زمین کو پاکستان مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔ لیکن افغان طالبان دہشتگردوں کی سرکوبی کرنے کے بجائے انہیں مسلسل مدد فراہم کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، دہشتگرد آزادی سے افغانستان میں موجود ہیں اور اپنی سرگرمیوں کے لیے افغان زمین کا بے دریغ استعمال کر رہے ہیں۔ تاہم، پاکستانی سکیورٹی فورسز کسی بھی جارحیت کا مؤثر اور منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔