لاہور(ویب ڈیسک)پی سی بی نے پی ایس ایل میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے دوران تلخ کلامی پر کرکٹرز سہیل تنویر اور بین کٹنگ پر جرمانہ عائد کیا ہے۔
پشاور زلمی کے بین کٹنگ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر نے ایک دوسرے کو نازیبا اشارے کئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایکشن لیتے ہوئے دونوں کھلاڑیوں پر جرمانے عائد کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سہیل تنویر پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سہیل تنویر اور پشاور زلمی کے بین کٹنگ کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔
قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے ایونٹ کے 22ویں میچ میں پشاور زلمی کی اننگز کے 19ویں اوور میں بین کٹنگ نے سہیل تنویر کو 3 گیندوں پر 3 چھکے لگائے۔
اسی اوور میں کٹنگ نے تنویر کی جانب سے چوتھا چھکا بھی رسید کیا جس پر سہیل تنویر کو کنارہ کشی ہوئی اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی کا تبادلہ بھی ہوا تاہم امپائر نے مداخلت کرکے معاملہ ختم کرایا۔
بات یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ اگلے ہی اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں بین کٹنگ پکڑے گئے، ان کا کیچ سہیل تنویر نے لیا اور پھر جواب میں انہوں نے بین کٹنگ کی طرف نامناسب اشارے بھی کیے۔
دونوں کھلاڑیوں کے درمیان رسہ کشی کیریبین پریمیئر لیگ میں بھی دیکھی گئی تھی۔