پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں قیادت کے فیصلے ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محمد رضوان کو بدستور ون ڈے ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی ہے۔
اس سے قبل اطلاعات تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے ٹیم اسکواڈ اور منیجمنٹ پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری ہیڈ کوچ عاقب جاوید کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عہدے پر برقرار رکھنے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ون ڈے اسکواڈ میں چند معمولی تبدیلیاں متوقع ہیں، جبکہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کیے جانے کا امکان ہے۔ اطلاعات تھیں کہ شاداب خان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے مضبوط امیدوار تھے، تاہم ماضی میں زمبابوے کے دورے کے دوران بھی سلمان علی آغا نے قیادت کی تھی، جس کی بنیاد پر انہیں دوبارہ اس ذمہ داری کے لیے منتخب کیا گیا۔