آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے، جہاں دونوں ٹیمیں فائنل میں پہنچنے کے لیے مدِمقابل ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کی ٹیم پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم کا مقابلہ فائنل میں بھارت سے ہوگا، جو اتوار کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔ دونوں ٹیموں نے بڑے میچ سے قبل بھرپور پریکٹس کی ہے، اور کیوی کپتان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کے پاس اچھے اسپنرز موجود ہیں اور وہ آج کا میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد اس اہم مقابلے کو دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہے، جبکہ آن لائن اور ٹیلی ویژن پر بھی میچ کی براہِ راست نشریات جاری ہیں۔