لاہور(ویب ڈیسک) انگلش کاؤنٹی کرکٹ کے دوران زخمی ہونے والے فاسٹ بولرز حارث رؤف اور نسیم شاہ صحت یاب ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق یارکشائر کی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف سائیڈ انجری کا شکار ہوئے جب کہ گلوسٹر شائر سکواڈ کے رکن نسیم شاہ کندھے کی انجری سے صحت یاب ہونے کی کوشش کر رہے تھے تاہم دونوں اب صحت یاب ہو چکے ہیں۔
دونوں فاسٹ باؤلر انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں اگلے راؤنڈ کے میچوں کے لیے اپنی اپنی ٹیموں کو دستیاب ہوں گے۔ جہاں محمد عامر ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے چھٹے راؤنڈ میں گلوسٹر شائر کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے وہیں محمد رضوان بھی خاندانی وجوہات کی وجہ سے اس راؤنڈ میں سسیکس کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
دوسری جانب مڈل سیکس کاؤنٹی کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے فوری وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر لندن سے ایک دو روز میں وطن واپس آرہے ہیں جس کے بعد وہ کچھ دن اہل خانہ کے ساتھ گزاریں گے اور پھر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے۔