چیمپئنز ٹرافی 2025 پر جے شاہ کی وضاحت
بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے ہندوستانی ٹیم کے پاکستان جانے پر اظہار خیال کیا ہے۔
جے شاہ سے پوچھا گیا کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کرے گی یا نہیں، جس پر انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور جب وقت آئے گا، بی سی سی آئی اس مسئلے کو دیکھے گا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق جے شاہ کا کہنا تھا، "ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، جب وقت آئے گا تو ہم اس پُل کو عبور کریں گے۔”
2008 کے ایشیا کپ کے بعد بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا، جبکہ پاکستان نے 2012-13 میں بھارت کے دورے میں دو طرفہ سیریز میں حصہ لیا تھا۔
آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو سونپی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ نویں ایڈیشن ہوگا، جس میں وہ آٹھ ٹیمیں شامل ہوں گی جنہوں نے 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر کوالیفائی کیا ہے۔
گروپ اے میں بھارت، پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔