چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کی بڑی ٹیموں کی آمد ،انتظامات مثالی ہونے چاہئیں :محسن نقوی
لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی تیاریوں کے حوالے سے فوری کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے ٹورنامنٹ کے لیے تمام انتظامات کو بہترین بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضیٰ، پی سی بی کے تمام ڈائریکٹرز اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں فیصل آباد میں جاری چیمپئنز ون ڈے کپ اور ملک بھر میں اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے اجلاس کے دوران کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں دنیا کی بڑی ٹیموں کی آمد متوقع ہے، اس لیے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے اسٹیڈیمز اپ گریڈیشن منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد شائقین کرکٹ کے لیے میچ دیکھنے کا تجربہ اور بھی بہتر ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں، محسن نقوی نے فیصل آباد میں شائقین کرکٹ کے جوش و خروش کو سراہا اور کہا کہ مستقبل میں پی ایس ایل میچز کے لیے فیصل آباد کو ممکنہ وینیو کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔