گائے ،بھینس ،بکری کا نہیں بلکہ ویرات کوہلی ایک خاص دودھ پیتے ہیں
ڪنئی دہلی :بھارتی کرکٹ اسٹار ویرات کوہلی کا نام دنیا میں صرف ان کے کھیل کی وجہ سے نہیں، بلکہ ان کی بے مثال فٹنس کی بدولت بھی جانا جاتا ہے۔ کوہلی نے اپنے کرکٹ کیریئر کے آغاز سے ہی اپنی فٹنس کو اولین ترجیح دی ہے، اور اسی لیے وہ نہ صرف باقاعدہ ورزش کرتے ہیں بلکہ اپنی خوراک پر بھی خاص توجہ دیتے ہیں تاکہ وہ بہترین جسمانی حالت میں رہ سکیں۔
ویرات کوہلی، جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنائی ہیں، گوشت کے بجائے بادام کا دودھ پینے کو ترجیح دیتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ایک انٹرویو میں شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا کہ بادام کے دودھ میں چکنائی کی مقدار کم ہوتی ہے اور یہ وزن برقرار رکھنے کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ویرات کوہلی 2018 سے پہلے نان ویجیٹیرین تھے، لیکن اس کے بعد انہوں نے اپنی خوراک میں تبدیلی کرتے ہوئے گوشت چھوڑ دیا اور زیادہ سبزیوں کا استعمال شروع کیا تاکہ وہ اپنی فٹنس برقرار رکھ سکیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کوہلی اپنی روز مرہ خوراک میں 7 مخصوص چیزوں کا استعمال کرتے ہیں، جن میں دو کپ کافی، دال، پالک، ہری سبزیاں اور ڈوسا شامل ہیں۔ ویرات کوہلی اپنی غذا میں چینی اور گلوٹین سے پرہیز کرتے ہیں۔