دنیا کی سرد ترین سڑک: کولیما ہائی وے کی حیرت انگیز سیر
موسم سرما کی شدت میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا کی سب سے سرد سڑک کہاں واقع ہے؟ روس کے مشرقی حصے میں واقع کولیما ہائی وے (ایم 56) کو دنیا کی سرد ترین سڑک کے طور پر جانا جاتا ہے۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق، یہ سڑک دنیا کی سرد ترین سڑک ہے، کیونکہ یہاں ایک بار درجہ حرارت منفی 67.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس شاہراہ کی لمبائی 1262 میل ہے اور اسے "روڈ آف بونز” بھی کہا جاتا ہے۔ یہ نام اس لیے پڑا کہ کہا جاتا ہے کہ اس سڑک کی تعمیر کے دوران متعدد قیدی ہلاک ہو گئے اور ان کی لاشوں کو سڑک کی سطح کے نیچے دفن کر دیا گیا تھا۔
کولیما ہائی وے کی تعمیر 1932 میں شروع ہوئی تھی اور 1953 تک مکمل ہوئی۔ یہ سڑک روس کے سائبریا علاقے میں واقع ہے اور Nizhny Bestyakh کو Magadan سے جوڑتی ہے۔ اسی سڑک سے دنیا کا سب سے سرد ترین قصبہ اویمیا کون بھی گزرتا ہے، جہاں 1933 میں منفی 67.7 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا۔
یہ سڑک اتنی سرد ہے کہ یہاں سفر کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے۔ جنوری اور فروری میں درجہ حرارت منفی 50 ڈگری تک پہنچ جاتا ہے، اور کئی بار یہ منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ تک بھی پہنچ چکا ہے۔ اس شدید سردی کے باعث گاڑیاں خراب ہونے کا خطرہ رہتا ہے، مگر برفباری کے بعد سڑک ہموار ہو جاتی ہے۔
موسم سرما میں یہاں سفر اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب برف مکمل طور پر جمی ہو، کیونکہ گرمیوں میں سڑک پر کیچڑ بہت زیادہ ہوتا ہے، جو سفر کو خطرناک بنا دیتا ہے۔ اس سڑک کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک سفر کرنے کے لیے اکثر 4 سے 5 دن درکار ہوتے ہیں، اور اس دوران آپ کو قدرتی مناظر، پہاڑ، قلعے اور دوسرے حسین مقامات دیکھنے کو ملتے ہیں۔