اقوامِ متحدہ(ویب ڈیسک) روس نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو ویٹو کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قرارداد میں یوکرین کے خلاف روسی ’جارحیت‘ کی مذمت کرتے ہوئے فوج کے فوری انخلاء کا مطالبہ کیا گیا۔
سلامتی کونسل کے 15 میں سے گیارہ ارکان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا لیکن چین، بھارت اور متحدہ عرب امارات نے اس میں حصہ نہیں لیا۔
اجلاس کے بعد اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ روسی فوجیوں کو واپس بیرکوں میں جانا چاہیے، امن کو ایک اور موقع دینا چاہیے، ہمیں ہار نہیں ماننی چاہیے۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر کا کہنا تھا کہ یورپ کو ماسکو پر پابندیاں لگانے کے لیے زیادہ تیزی اور طاقت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے یورپ پر زور دیا کہ وہ روس کی جارحیت کو روکنے کے لیے اپنی طاقت کا استعمال کرے۔