لندن: معروف لگژری آٹوموبائل کمپنی رولز روئس نے اپنی تاریخ کی سب سے تیز ترین اور جدید الیکٹرک گاڑی "بلیک بیج سپیکٹر” متعارف کرادی ہے، جو کار کے شوقین افراد کے لیے ایک شاندار پیشکش ثابت ہو سکتی ہے۔
رولز روئس بلیک بیج سپیکٹر میں ڈوئل موٹر سیٹ اپ نصب کیا گیا ہے، جو 659 ہارس پاور اور 1075 نیوٹن میٹر ٹورک پیدا کرتا ہے۔ اس زبردست انجن کی بدولت یہ گاڑی محض 4.1 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو کہ کسی بھی لگژری کار کے لیے انتہائی متاثر کن فیچر ہے۔
بلیک بیج سپیکٹر کے چیسس کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ گاڑی کی مجموعی پرفارمنس کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ، بہترین ہینڈلنگ کے لیے ایک اضافی موٹر بھی نصب کی گئی ہے، جو رفتار اور کنٹرول کے حوالے سے ایک زبردست اضافہ ہے۔ یہ گاڑی رولز روئس کی روایتی V12 انجن سے محروم ہے، کیونکہ اسے جدید دور کی ضرورت کے مطابق 100 فیصد الیکٹرک ڈرائیو ٹرین پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ بلیک بیج سپیکٹر میں ایک خاص "انفینیٹی موڈ” متعارف کرایا گیا ہے، جو گاڑی کو 100 فیصد الیکٹرک پاور تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، ڈریگ ریس کے شوقین افراد کے لیے "سپیریٹڈ موڈ” دیا گیا ہے، جس کی مدد سے اضافی ایکسلریشن حاصل کی جا سکتی ہے۔
کمپنی کے سی ای او کرس براؤنریج کے مطابق، یہ کار پاور اور مقصد کی علامت ہے۔ رولز روئس کے انجینئرز نے اس گاڑی کو بہترین بنانے کے لیے اپنے مالکان کے ایک گروپ کے ڈرائیونگ ڈیٹا تک رسائی حاصل کی، جس سے انہیں ہزاروں میل کے ڈرائیونگ پیٹرنز اور رویے کا تجزیہ کرنے کا موقع ملا۔ اس تحقیق کی بنیاد پر گاڑی کے ڈرائیو ٹرین ماڈیولز کو انتہائی جدید اور مؤثر بنایا گیا۔