امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق، زلزلہ بروز جمعہ گرین وچ کے وقت صبح 6 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جس کا مرکز ساگائنگ شہر کے شمال مغرب میں 16 کلومیٹر دور تھا۔ زلزلے کی زیرِ زمین گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جس نے اس کے اثرات کو مزید شدید بنا دیا۔
زلزلے کے باعث میانمار میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئیں اور عمارتوں کی چھتوں کے ٹکڑے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ زلزلے کی شدت شمالی تھائی لینڈ اور دارالحکومت بینکاک تک محسوس کی گئی، جہاں کئی افراد خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ بینکاک میں زلزلے کے بعد کچھ میٹرو اور لائٹ ریل سروسز معطل کر دی گئیں، جبکہ چین کے جنوب مغربی صوبے یونان میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
چینگ مائی کے ایک رہائشی دوآنجائی نے صحافیوں کو بتایا "میں نے زلزلے کی آواز سنی، اس وقت میں سو رہا تھا۔ جیسے ہی جھٹکے محسوس ہوئے، میں عمارت سے نکل کر جتنا دور بھاگ سکتا تھا، چلا گیا۔” بیجنگ کی زلزلہ ایجنسی کے مطابق، چین میں زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی، جو میانمار میں آئے زلزلے سے بھی زیادہ ہے۔
حکام متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور جانی و مالی نقصان کے تخمینے میں مصروف ہیں، جبکہ آفٹر شاکس کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ زلزلے کے بعد ریسکیو ٹیمیں اور ایمرجنسی سروسز متحرک کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔