مناما (ویب ڈیسک)بحرین میں باحجاب خاتون کو ہوٹل میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے پر حکومتی اتھارٹی نے بھارتی ہوٹل سیل کردیا۔ ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منیجر کو معطل کردیا گیا۔
بھارت میں مسلمان طلبہ کے حجاب پہن کر اسکول آنے پر پابندی کے اثرات بحرین بھی پہنچ گئے، دارالحکومت مناما کے قریبی علاقے عادلیہ میں بھارتی منیجر نے باحجاب خاتون کو ہوٹل میں داخل ہونے سے روک دیا۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد حکام نے ہوٹل کو بند کردیا۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد بحرین کی سیاحت اور نمائش اتھارٹی نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا اور تمام سیاحتی اداروں سے کہا ہے کہ وہ ایسی پالیسیوں سے گریز کریں جو مملکت کے قانون کے خلاف ہوں۔
خاتون کی جانب سے ٹوئٹر پر ویڈیو ’’بحرین میں مضحکہ خیز‘‘ کے عنوان سے جاری کی گئی ہے، جس پر کیپشن درج ہے کہ ایک ایسا ریسٹورنٹ جو باپردہ عورت کو داخل ہونے سے روکتا ہے!۔
دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ باحجاب خاتون کو ہوٹل میں داخل ہونے سے روکنے والے منیجر کو معطل کردیا گیا ہے۔