پیانگ یانگ(ویب ڈیسک) شمالی کوریا کی حکومت نے پہلی بار ملک میں کورونا کیس کی تصدیق کرتے ہوئے ملک بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے کورونا کی وبا کے آغاز سے ہی ملک میں کورونا کیسز کی موجودگی کی تردید کی تھی تاہم اب کورونا کا ایک کیس سامنے آیا ہے اور کوریا کی حکومت نے اس کی تصدیق کردی ہے۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد ملک میں قومی ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے، کیونکہ حکام کا خیال ہے کہ ملک بھر میں متعدد افراد کورونا وائرس کے مختلف قسم اومی کرون سے متاثر ہیں۔
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کورونا وبا کے پھیلاؤ سے متعلق ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی وبائی مرض کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کیے جائیں گے۔
رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے پاس کورونا ویکسین نہیں ہے کیونکہ کم جونگ ان کی حکومت نے عالمی ادارہ صحت، چین اور روس کی جانب سے کورونا ویکسین کی فراہمی کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔