ذہنی سکون کی تلاش میں 63 سالہ سعودی نے 53 شادیاں کر ڈالیں
سعودی عرب کے ایک شہری، ابو عبداللہ، جنہوں نے ذہنی سکون کی تلاش میں 53 شادیاں کیں، کو "صدی کے کثیر الازدواجی شخص” کا لقب دیا گیا ہے۔ ان کی کہانی نے دنیا بھر میں حیرت کا باعث بنی ہے، کیونکہ عام طور پر ایک سے زیادہ بیویوں کے ساتھ عدل و انصاف برقرار رکھنا مشکل سمجھا جاتا ہے، اور یہ صورتحال شوہروں کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔
ابو عبداللہ کی پہلی شادی 20 سال کی عمر میں ایک خاتون سے ہوئی تھی جو ان سے 6 سال بڑی تھیں۔ ابتدائی طور پر انہوں نے ایک سے زیادہ شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں کیا تھا کیونکہ وہ اپنے خاندان کے ساتھ خوش اور مطمئن تھے۔ لیکن کچھ عرصے بعد، گھریلو مسائل کے باعث انہوں نے 23 سال کی عمر میں دوسری شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور اپنی پہلی بیوی کو اس بارے میں آگاہ کیا۔
ان کی زندگی میں پہلی اور دوسری بیوی کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد انہوں نے تیسری اور چوتھی شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔ لیکن بالآخر، انہوں نے پہلی تینوں بیویوں کو طلاق دے دی۔
ابو عبداللہ نے اپنی شادیوں کے بارے میں بتایا کہ وہ ایک ایسی عورت کی تلاش میں تھے جو انہیں حقیقی خوشی اور سکون فراہم کر سکے۔ اسی تلاش میں انہوں نے 63 سال کی عمر تک 53 شادیاں کیں۔ ان کی زیادہ تر شادیاں سعودی خواتین کے ساتھ ہوئیں، لیکن کاروباری دوروں کے دوران انہوں نے غیر ملکی خواتین سے بھی شادیاں کیں۔
ابو عبداللہ نے دیگر مردوں کو مشورہ دیا کہ ہر مرد ایک عورت کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتا ہے، لیکن ان کے مطابق، زندگی میں سکون اور استحکام کسی جوان عورت کے بجائے بڑی عمر کی عورت کے ساتھ ملتا ہے۔ انہوں نے مزید شادیاں نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور 63 سال کی عمر میں اپنی آخری شادی کی۔
ابو عبداللہ کی زندگی کی اس کہانی نے لوگوں کو اس بات پر غور کرنے پر مجبور کر دیا ہے کہ کیا واقعی ایک سے زیادہ شادیاں ذہنی سکون کا باعث بن سکتی ہیں یا نہیں۔ ان کی زندگی کی یہ دلچسپ داستان دنیا بھر میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے