لاہور (ایم وائے کے نیوز) — لاہور ہائیکورٹ نے ایک اہم فیصلے میں چچا زاد بہن کے قتل کے الزام میں پھانسی کی سزا پانے والے مجرم کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ملزم کی جانب سے دائر کی گئی اپیل منظور کرتے ہوئے قرار دیا کہ ماتحت عدالت نے شواہد اور حقائق کو نظر انداز کرتے ہوئے فیصلہ سنایا۔
جسٹس فاروق حیدر اور جسٹس علی ضیا باجوہ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار کو ناکافی شواہد اور محض الزامات کی بنیاد پر سزائے موت سنائی گئی، جب کہ مقدمے کے حقائق کو نظر انداز کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق قتل کی وجہ رشتے کا تنازع بتایا گیا تھا۔ عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد یہ فیصلہ سنایا کہ استغاثہ ملزم پر قتل کا الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا۔ عدالت نے ملزم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دے دیا۔