ممبئی: بھارتی ٹی وی کی تاریخ کے طویل ترین اور مقبول ترین کرائم سیریز "سی آئی ڈی” میں ایک دور کا اختتام ہو گیا۔ اے سی پی پردھیومن کا کردار اب مزید اسکرین پر نظر نہیں آئے گا۔ سیریز کے نئے ایڈیشن کے پرومو اور چینل کی باضابطہ تصدیق نے مداحوں کو صدمے سے دوچار کر دیا۔
27 سال تک "دروازہ توڑو دیا” اور "کچھ تو گڑبڑ ہے” جیسے جملوں سے لاکھوں ناظرین کے دلوں پر راج کرنے والے اداکار شیو جی ستم (اے سی پی پردھیومن) کو سیریز سے باقاعدہ رخصت دے دی گئی ہے۔ نیٹ فلکس پر جاری کیے گئے "سی آئی ڈی” کے نئے ایڈیشن کے پرومو میں اے سی پی پردھیومن کے خون میں لت پت ہاتھ کو دکھایا گیا ہے، جس میں ان کی پہچان یادگار انگوٹھی بھی نمایاں ہے۔ اس کے ساتھ ہی انسپکٹر دیا کو زاروقطار روتے اور انسپکٹر ابھیجیت کو صدمے میں پیچھے ہٹتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
مداحوں نے سوشل میڈیا پر شدید غم و غصے اور مایوسی کا اظہار کیا۔ کئی افراد نے اسے سیریز کی روح ختم ہونے کے مترادف قرار دیا، کیونکہ اے سی پی، دیا اور ابھیجیت کی ٹرائو ہمیشہ سے شو کی جان رہے ہیں۔ کچھ مداحوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ شاید یہ کوئی چال یا سسپنس ہو، لیکن اب چینل نے خود اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ اے سی پی پردھیومن آئندہ اقساط میں شامل نہیں ہوں گے۔
چینل کے مطابق اے سی پی پردھیومن کی موت کے بعد ایک نیا نوجوان افسر سی آئی ڈی کی قیادت سنبھالے گا۔ یہ کردار ٹی وی اداکار پارتھ سمتھان نبھائیں گے، جو اے سی پی ایوشمان کے روپ میں سامنے آئیں گے۔ پارتھ، جو عموماً رومانوی ہیرو کے طور پر جانے جاتے ہیں، نے کہا کہ وہ خود بچپن سے سی آئی ڈی کے مداح رہے ہیں اور اس کردار کو نبھانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔