(ایم وائے کے نیوز) — بھارت کے خلاف پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ایک بڑی مہم کا آغاز ہو گیا ہے جس میں پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ڈائریکٹر نبیل قریشی سے اس تاریخی آپریشن پر فلم بنانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
صارفین کی جانب سے خاص طور پر ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد کے جرات مندانہ کردار کو فلم میں مرکزی حیثیت دینے پر زور دیا جا رہا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک صارف نے فلم کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اس کردار کے لیے پاکستانی اداکار فواد خان بہترین انتخاب ہو سکتے ہیں کیونکہ ان کی شکل اور شخصیت ایئر مارشل سے خاصی مشابہ ہے۔
ڈائریکٹر نبیل قریشی نے اس تجویز پر نہ صرف مثبت ردعمل دیا بلکہ فلم بنانے کے ارادے کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ تاہم، ایک اور صارف نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ فواد خان ماضی میں بھارتی فلم انڈسٹری کا حصہ رہ چکے ہیں، اس لیے انہیں نظرانداز کیا جائے اور پاکستانی انڈسٹری سے مخلص اداکاروں کو ترجیح دی جائے۔
بحث کے دوران مختلف سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ایئر مارشل کے کردار کیلئے دیگر اداکاروں کی تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں ہمایوں سعید، وہاج علی، فہد مصطفیٰ اور حمزہ علی عباسی شامل ہیں، اور عوام سے رائے مانگی جا رہی ہے کہ کون اس کردار کے لیے سب سے موزوں ہوگا۔
یاد رہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاک فضائیہ نے بھارت کے 12 اہم اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا جن میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، سرسہ ایئربیسز، سورت گڑھ ایئرفیلڈز، براہموس میزائل اسٹوریج، اڑی سپلائی ڈپو اور جی ٹاپ بریگیڈ ہیڈکوارٹر شامل ہیں۔
7 مئی کی رات بھارت کے حملے کے جواب میں پاکستان نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جن میں فرانسیسی ساختہ جدید ترین طیارہ بھی شامل تھا۔ اس پوری کارروائی کی قیادت ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے کی، جن کی جرات، حکمت عملی اور قیادت کو نہ صرف فوجی حلقوں بلکہ عوام نے بھی خوب سراہا۔ سوشل میڈیا پر اس وقت مطالبہ زور پکڑ چکا ہے کہ اس تاریخی لمحے کو فلمی شکل دے کر قوم کے جذبے کو اجاگر کیا جائے۔