کراچی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول ترین اور خوبرو اداکارہ علیزے شاہ نے بالآخر خاموشی توڑتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز سے دوری کیوں اختیار کی۔ ایک سوشل میڈیا ویڈیو پیغام میں علیزے شاہ نے اپنی زندگی کے تلخ تجربات کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا اور انڈسٹری میں رائج غیر پیشہ ورانہ رویوں پر کھل کر بات کی۔
علیزے شاہ کا کہنا تھا کہ اداکار ہونا آسان نہیں، بلکہ یہ ایک مسلسل جدوجہد ہے جس میں نہ صرف محنت کا صلہ تاخیر سے ملتا ہے بلکہ عزتِ نفس بھی داؤ پر لگ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا، “ہمیں ایک ڈرامے کا معاوضہ تین تین مہینے بعد ملتا ہے، اپنی کمائی کے لیے بھی ہمیں لوگوں کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑتا ہے کہ پلیز میرا چیک دے دیں۔”
اداکارہ نے مزید بتایا کہ جب وہ اپنی مالی ضروریات کے پیش نظر معاوضہ مانگتی ہیں تو جواب میں پروڈکشن ہاؤسز کی طرف سے انہیں یہ طعنہ سننے کو ملتا ہے کہ "ہم تمہیں کام دے کر احسان کر رہے ہیں۔” علیزے نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا، “بھائی، اپنا احسان اپنے پاس رکھو، جہاں عزت نہ ہو، وہاں کام کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔” انہوں نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے معاوضہ مانگا تو انہیں سوشل میڈیا پر منفی مہم کا نشانہ بنایا گیا۔ “مجھ پر میمز بنائی گئیں، مختلف پیجز کو پیسے دے کر مجھے بدنام کیا گیا، حتیٰ کہ میٹنگز میں مجھے بےعزت کیا گیا۔” ان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ صرف اس لیے کیا گیا کیونکہ انہوں نے وقت پر معاوضہ مانگا تھا۔
علیزے شاہ نے کڑوی حقیقت بیان کرتے ہوئے کہا، “اگر آپ وقت پر عزت اور معاوضہ نہیں دے سکتے تو اس انڈسٹری میں آپ سے بڑا بھکاری کوئی نہیں۔ اداکاروں کا پیسہ کھا کر جو محلات بنا رہے ہو، وہ کبھی تو گریں گے، اور اُس دن شاید کچھ انصاف ہو۔” انہوں نے واضح پیغام دیا کہ وہ اب اسی صورت میں دوبارہ کام کریں گی جب انہیں عزت اور پیشہ ورانہ برتاؤ ملے گا، ورنہ وہ ایسے نظام کا حصہ بننے کو تیار نہیں جہاں فنکار کی محنت کا استحصال ہوتا ہے۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اس سے قبل سینئر اداکار محمد احمد سمیت کئی دیگر فنکار بھی انڈسٹری میں معاوضوں کی ادائیگی میں تاخیر اور فنکاروں کے ساتھ غیر اخلاقی سلوک پر آواز بلند کر چکے ہیں، لیکن علیزے شاہ جیسی صفِ اول کی اداکارہ کی جانب سے اس قدر کھل کر تنقید شاید پہلی بار سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے…
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے ایک بڑے انکشاف میں بتایا ہے کہ پاکستان آئندہ دو ماہ میں توانائی کے…
کالم: پاکستان میں سیلاب، ریاستی غفلت اور اجتماعی بےحسی بقلم : کاشف شہزاد یہ کوئی افسانہ نہیں، ایک خوں چکاں…
کراچی (ایم وائے کے نیوز ٹی وی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری دن کا آغاز تو مثبت انداز سے…
(ایم وائے کے نیوز ٹی وی) ہینلے اینڈ پارٹنرز کی جانب سے جولائی سے دسمبر 2025 کی دوسری ششماہی کے…