لاہور سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے سرحدی علاقے میں تھا، جب کہ اس کی گہرائی 94 کلومیٹر زیر زمین بتائی گئی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے اتنے شدید تھے کہ شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے خوف کے عالم میں گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ متاثرہ شہروں میں لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، مری، نتھیا گلی، کامرہ کینٹ، سوات، سرگودھا، ایبٹ آباد اور جنڈیالہ شیر خان شامل ہیں۔
زلزلے کے بعد ملک بھر میں ریسکیو اداروں اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے نقصانات سے متعلق معلومات اکھٹی کی جا رہی ہیں۔ اب تک کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔