لاہور: پاکستان میں حالیہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ایک نیا ملی نغمہ "تیار ہیں ہم، اللہ اکبر” جاری کر دیا گیا ہے، جو قوم کے جذبات اور پاک فوج کے عزم و ہمت کا بھرپور عکاس ہے۔
اس نغمے میں ولولہ انگیز شاعری، مؤثر دھن اور سحر انگیز آواز نے سامعین کے دلوں میں جوش و جذبہ بھر دیا۔ ترانے کے بول "غالب ہیں، خدا کا وار ہیں ہم، لڑنے کے لیے تیار ہیں ہم” دشمن کو ایک واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع کے لیے متحد اور پرعزم ہے۔
یہ نغمہ نہ صرف پاک افواج کے جذبۂ جہاد کا آئینہ دار ہے بلکہ پوری قوم کے اتحاد، قربانی اور ایمانی طاقت کی بھی نمائندگی کرتا ہے۔ ملی ترانے میں بھارت کو دو ٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ وہ جس قوم سے ٹکرانے کی کوشش کر رہا ہے، وہ نہ صرف جذبۂ ایمانی سے سرشار ہے بلکہ جدید ہتھیاروں اور اعلیٰ عسکری تربیت سے بھی لیس ہے۔
ترانے میں "ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ” کے پاک فوجی موٹو کو اجاگر کرتے ہوئے دشمن پر واضح کیا گیا ہے کہ پاکستانی سپاہی یا تو غازی بنتے ہیں یا شہید، دونوں صورتوں میں فخر اور عزت ان کا مقدر ہے۔