اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں فیصل مسجد کے قریب ڈرون گرنے کی افواہیں جھوٹی ثابت ہوئیں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی فوری کارروائی کے بعد واضح کیا گیا کہ اسلام آباد میں کسی مقام پر کوئی ڈرون نہیں گرا۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں، جائے وقوعہ کی مکمل چھان بین کی گئی جس میں ایسی کسی بھی سرگرمی یا واقعے کا ثبوت نہیں ملا۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور حساس نوعیت کے معاملات پر افواہیں پھیلانے سے گریز کریں۔ مزید کہا گیا ہے کہ عوام کو مستند معلومات کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس فالو کرنے چاہئیں تاکہ بروقت اور درست خبریں حاصل ہو سکیں۔ ضلعی حکام نے خبردار کیا ہے کہ امن و امان کو متاثر کرنے والی جھوٹی خبروں پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔