اسلام آباد — وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی پیرول پر رہائی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں باضابطہ درخواست دائر کر دی ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ امت مسلمہ کے ایک نمایاں رہنما ہیں، جنہوں نے ہمیشہ بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی کے مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جان کو اڈیالہ جیل میں شدید خطرات لاحق ہیں، اور یہ بات دشمن بھی جانتا ہے۔ علی امین کا کہنا تھا کہ ’’مودی جیسے شخص سے کسی بھی حد تک جانے کی توقع کی جا سکتی ہے، اس لیے رہائی کا مطالبہ نہایت سنجیدہ نوعیت کا ہے۔‘‘
واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پی ٹی آئی رہنما کی سکیورٹی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں، جسے مدنظر رکھتے ہوئے یہ درخواست دائر کی گئی ہے۔