لاہور (ایم وائے کے نیوز) — لاہور کے نواحی علاقے نارنگ منڈی کے قریب پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، ڈرون سرحدی گاؤں جے سنگھ والا (ضلع شیخوپورہ) میں گرایا گیا جہاں گرنے کے بعد ایک زور دار دھماکہ ہوا جس سے قریبی کھیتوں میں موجود فصلوں کی باقیات کو آگ لگ گئی۔
ذرائع نے واضح کیا ہے کہ لاہور شہر میں کسی قسم کی ڈرون پرواز یا دھماکے کی اطلاع نہیں ملی۔ ڈرون کی سرگرمی صرف سرحدی علاقے تک محدود رہی۔ سیکیورٹی ادارے علاقے میں مزید شواہد جمع کر رہے ہیں اور ڈرون کے ملبے کو قبضے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد مقامی آبادی میں خوف و ہراس کی فضا دیکھنے میں آئی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے فوری ردعمل دے کر علاقے کو کلیئر کر دیا۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، یہ واقعہ بھارت کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود میں مسلسل خلاف ورزیوں کی ایک تازہ مثال ہے۔