اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) — پاکستان نے اپنے دفاعی ردعمل کے طور پر داغے گئے الفتح میزائل کو اُن معصوم پاکستانی بچوں کے نام کر دیا ہے، جو حالیہ بھارتی جارحیت میں شہید ہوئے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان ان بچوں کی قربانی کو نہ بھولا ہے اور نہ ہی کبھی بھولے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق الفتح میزائل کی یہ لانچنگ محض ایک عسکری کارروائی نہیں بلکہ ایک جذباتی اور قومی پیغام بھی ہے، جو اس امر کی گواہی دیتا ہے کہ پاکستان اپنے شہریوں، بالخصوص معصوم بچوں کے خون کا حساب رکھتا ہے۔
ترجمان وزارت دفاع نے اس موقع پر کہا، "بھارت کی جانب سے پاکستان میں نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا ایک ناقابلِ معافی جرم ہے۔ ہم نے الفتح میزائل ان ہی شہید بچوں کے نام سے منسوب کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ہم اپنی نسلوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتے۔”
واضح رہے کہ بھارت کی حالیہ فضائی جارحیت میں پاکستان کے مختلف علاقوں میں شہری آبادی متاثر ہوئی، جہاں کئی معصوم بچے بھی شہید ہوئے تھے۔