اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) — وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی حالیہ جارحیت کے جواب میں پاکستان کی کامیاب عسکری کارروائی کی یاد میں ہر سال 10 مئی کو ’’یوم معرکۂ حق‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق، یہ دن ملک بھر میں جوش و جذبے، ملی اتحاد اور قومی فخر کے طور پر منایا جائے گا تاکہ قوم اپنی بہادر افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کر سکے۔
پاکستان نے بھارت کی فوجی جارحیت کے جواب میں "آپریشن بنیان مرصوص” لانچ کیا تھا، جو 10 مئی کو مکمل ہوا۔ اس آپریشن میں دشمن کے دفاعی نظام کو بڑی حد تک نقصان پہنچایا گیا، اور پاکستان نے دنیا کو اپنی دفاعی صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، 22 اپریل سے 9 مئی تک بھارتی جارحیت کے خلاف جاری رہنے والے معرکے کو "معرکۂ حق” قرار دیا گیا، جب کہ 10 مئی کو آپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں فیصلہ کن کارروائی کی گئی۔
وزیراعظم نے 16 مئی کو "یومِ تشکر” کے طور پر منانے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، خصوصی نوافل ادا کرنے اور ملک و قوم کی سلامتی و ترقی کے لیے دعا کے طور پر منایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان نے مل کر دشمن کو واضح پیغام دیا کہ ملک کی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔