اسلام آباد (ایم وائے کے نیوز) — سینیٹ اجلاس کے دوران سینیٹر اسحاق ڈار نے منی بل کی رپورٹ ایوان میں پیش کردی۔ انہوں نے بل کی رپورٹ پیش کرنے کی اجازت کے لیے باقاعدہ درخواست دی، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
ذرائع کے مطابق منی بل کی رپورٹ پیش کرنے پر اپوزیشن کی جانب سے مخالفت کی گئی، جس میں نمایاں طور پر خانزادہ صاحب نے اعتراض کیا۔ ان کے اعتراض پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ "یہ تمام امور سینیٹ کی کمیٹی میں زیر بحث آ چکے ہیں، اور آپ کی جماعت کے قائدین و پارلیمانی لیڈر بھی اجلاسوں میں شریک رہے۔”
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے قانونی نکات کے بعد بل کی رپورٹ پیش کرنے کی اجازت دے دی، جس پر سینیٹر اسحاق ڈار نے رپورٹ ایوان میں پیش کر دی۔ رپورٹ کی پیشی کے بعد سینیٹ اجلاس کل سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔