(ایم وائے کے نیوز) — کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ایم پی اے علی مدد جتک کی ریلی کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا۔ نامعلوم شرپسندوں کی جانب سے ریلی پر فائرنگ کی گئی اور دستی بم پھینکے گئے، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔ خوش قسمتی سے ایم پی اے علی مدد جتک حملے میں محفوظ رہے۔
بدھ کے روز علی مدد جتک کی قیادت میں ریلی سریاب کسٹم سے شہر کی طرف رواں دواں تھی کہ بلوچستان یونیورسٹی کے قریب منیر مینگل روڈ سے ریلی کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے میں دستی بم کا استعمال کیا گیا اور فائرنگ بھی کی گئی۔ دھماکے سے رکشہ سواروں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا، جہاں ایک زخمی محبوب علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے میں ایک گاڑی اور ایک رکشہ کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دیے۔
بلوچستان کے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور صوبائی حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہو چکے ہیں۔