لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پی سی بی نے تصدیق کی ہے کہ پی ایس ایل 10 کے بقیہ آٹھ میچز اب متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، جن کی نئی تاریخوں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ تمام میچز اسی ماہ مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کو پہلی دستیاب فلائٹس کے ذریعے دبئی روانہ کیا جائے گا، جبکہ نئے شیڈول میں 6 سے 7 دن کی تاخیر متوقع ہے۔ یاد رہے کہ حالیہ کشیدگی کے باعث راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔
پی سی بی نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی وجہ سے مقام کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔