نئی دہلی — پاکستان پر حملوں کے بعد پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائیوں نے بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا، جس کے اثرات کھیلوں کی دنیا تک بھی پہنچ گئے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل مینجمنٹ نے ہنگامی اجلاس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھرم شالہ میں گزشتہ روز ہونے والا میچ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اچانک روک دیا گیا تھا، اسٹیڈیم کی لائٹس بند کر دی گئیں اور تماشائیوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے ایونٹ چھوڑ کر وطن واپسی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے واضح مؤقف اپنایا ہے کہ بھارت کے کسی بھی حملے کا مؤثر اور قانونی جواب دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ "ہم بھارت کو ایسا جواب دیں گے جو دنیا یاد رکھے گی”، جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی جوابی کارروائی کو "یقینی” قرار دیا ہے۔