اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی پر کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دے گا، اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور ملکی دفاعی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اپنی بہادر افواج پر فخر ہے، جو ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے ماضی میں بھی بھارتی ڈرونز اور طیارے مار گرائے ہیں، اور آئندہ بھی کسی جارحیت کی صورت میں موثر جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنے وقار، عزت اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پاک افواج ہر لمحہ تیار ہیں، اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔