اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ بھارتی ڈرون حملے کے بعد پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی اب ناگزیر ہو چکی ہے، اور بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔
برطانوی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں کشیدگی کم کرنے کی گنجائش باقی نہیں رہی، اور پاک-بھارت تنازع ایک بند گلی میں داخل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ڈرونز نے پاکستانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم کوئی جانی یا مادی نقصان نہیں ہوا۔
خواجہ آصف نے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے دفاعی نظام کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا، اور بھارت کی جانب سے پھیلائی گئی اطلاعات محض پروپیگنڈہ ہیں۔ وزیر دفاع نے دوٹوک انداز میں اعلان کیا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں بھارتی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ امریکا اور دیگر عالمی قوتیں پاک-بھارت کشیدگی میں کمی کے لیے سفارتی کوششیں کر رہی ہیں، تاہم پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔