میکسیکو سٹی (ایم وائے کے نیوز) – سوشل میڈیا کی دنیا ایک اور ہولناک واقعے سے دہل گئی ہے، جہاں میکسیکو کی معروف ٹک ٹاک اسٹار اور بیوٹی کوئین، 23 سالہ ولیریا مارکیوز کو براہِ راست سٹریمنگ کے دوران فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا۔ اس افسوسناک واقعے کی تصدیق ریاست جالیسکو کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے کر دی ہے۔
واقعہ زپوپان شہر میں پیش آیا، جہاں ولیریا مارکیوز اپنے بیوٹی سیلون سے ٹک ٹاک پر براہِ راست سٹریمنگ کر رہی تھیں۔ اس دوران ایک نامعلوم حملہ آور سیلون میں داخل ہوا اور بغیر کسی جھجک کے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ولیریا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔ ویڈیو میں فائرنگ کی آوازیں اور اس کے بعد پیدا ہونے والا خوفناک منظر آن لائن ناظرین نے براہِ راست دیکھا۔
https://www.facebook.com/reel/713371894596261
پراسیکیوٹر کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اور حملہ آور کی شناخت اور محرکات کا تعین کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ مقامی پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے ہیں، جبکہ سیکیورٹی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ حملہ آور کا سراغ لگایا جا سکے۔ولیریا مارکیوز، جو نہ صرف ایک مقبول ٹک ٹاک اسٹار تھیں بلکہ بیوٹی انڈسٹری میں بھی اپنا نام بنا چکی تھیں، ہزاروں مداحوں کی دلوں کی دھڑکن تھیں۔ ان کا اچانک اور پُراسرار قتل پورے ملک میں غم و غصے کی لہر دوڑا چکا ہے، اور سوشل میڈیا پر صارفین انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔