پنجاب حکومت نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس کے تحت سرکاری اسکولوں کی سیکنڈ شفٹ میں فوری طور پر چھٹیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔
محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام سرکاری اور نجی اسکول 28 مئی سے 14 اگست 2025 تک بند رہیں گے۔ تعطیلات کے بعد اسکول 15 اگست سے دوبارہ کھلیں گے۔ اس کے علاوہ، محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے کالجز اور یونیورسٹیز کے لیے بھی موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ تمام کالجز اور یونیورسٹیز 28 مئی سے 14 اگست تک بند رہیں گی اور 15 اگست کو معمول کے مطابق تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہوں گی۔
تاہم، نوٹیفکیشن میں وضاحت کی گئی ہے کہ یونیورسٹیز میں جاری 4 سالہ بی ایس پروگرامز کی کلاسز معمول کے شیڈول کے مطابق جاری رہیں گی، تاکہ طلبہ کے تعلیمی سلسلے میں رکاوٹ نہ آئے۔ مزید یہ کہ بورڈز اور یونیورسٹیز کے تحت لیے جانے والے امتحانات بھی جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہوں گے اور ان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔