لاہور: پولیس حراست میں 2 خواتین کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری مکمل
لاہور: تھانہ ٹاؤن شپ میں پولیس حراست کے دوران 2 خواتین کی ہلاکت کی جوڈیشل انکوائری مکمل کرلی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کامران کرامت نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 176 کے تحت دونوں خواتین کی ہلاکت کی تحقیقات مکمل کرکے رپورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو جمع کرا دی۔
جوڈیشل انکوائری رپورٹ کے مطابق خواتین پر تشدد کے شواہد نہیں ملے، جبکہ دونوں خواتین کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی موت کی حتمی وجوہات کا تعین پوسٹ مارٹم اور فارنزک رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔
دوسری جانب دونوں خواتین کی تھانہ ٹاؤن شپ منتقلی سے کچھ دیر قبل کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جس میں دونوں خواتین بی بلاک ٹاؤن شپ میں واقع اس گھر کے باہر کھڑی دکھائی دیتی ہیں جہاں ان پر چوری کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق خواتین کی موبائل ویڈیو کو بھی تحقیقات کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔ فارنزک اور تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹس موصول ہونے کے بعد واقعے سے متعلق مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔













