ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی فیملی کورٹ کی جج امبرین اقبال نے حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کی۔ عدالت نے حمیرا طیبہ اور سابق سینیٹر مشتاق احمد کے درمیان نکاح خلع کی بنیاد پر ختم کرنے کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق خاتون شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں، جبکہ عدالت کی جانب سے مصالحت کی کوششیں بھی ناکام ہوگئیں۔
خاتون نے اپنے بیان حلفی میں شوہر سے نفرت اور ان کے ساتھ رہنے سے انکار کا اظہار کیا، جس کے بعد عدالت نے خلع کی ڈگری جاری کردی۔
عدالت کے مطابق حق مہر کے حوالے سے دونوں فریقین کا ایک دوسرے پر کوئی دعویٰ باقی نہیں رہا، جبکہ بچوں کے نان نفقے، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعاؤں سے متعلق دعویٰ واپس لینے پر خارج کردیا گیا۔
عدالت نے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل شوہر اور متعلقہ یونین کونسل کو بھجوانے کا بھی حکم دے دیا۔












