پی ٹی آئی کی کارکنان سے عمران خان کی منتقلی کے موقع پر اسپتال نہ آنے کی اپیل
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے کارکنان سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اسپتال منتقل کیے جانے کے موقع پر اسپتال کے باہر جمع نہ ہونے کی اپیل کردی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی صحت اور علاج کے مفاد میں اسپتال کے باہر پُرامن ماحول برقرار رکھا جائے اور عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے میں تعاون کیا جائے۔
پارٹی کا کہنا ہے کہ کروڑوں پاکستانی کئی ہفتوں سے عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کر رہے تھے، جبکہ سپریم کورٹ کے حکم سے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے مطالبے کو تقویت ملی ہے۔
بیان میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام سپریم کورٹ کے احکامات پر من و عن عمل کریں گے۔ ذاتی معالج اور اہلخانہ کی شمولیت سے عمران خان کی طبی تاریخ کا غیرجانبدارانہ جائزہ لینے میں مدد ملے گی۔
پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ عدالتی حکم پر فوری اور بلا تاخیر عملدرآمد کیا جائے اور سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق عمران خان کی اہلخانہ سے ملاقات بھی یقینی بنائی جائے۔
پارٹی نے کہا کہ مشکل وقت میں عمران خان کے قانونی اور انسانی حقوق کا مکمل خیال رکھا جائے۔ پی ٹی آئی نے عمران خان کے بنیادی حقِ صحت اور انسانی وقار کے تحفظ سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم بھی کیا۔
بیان کے مطابق سپریم کورٹ نے عمران خان کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے اور ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ مکمل طبی معائنے کے لیے آنکھ، دل اور دیگر شعبوں کے ماہرین کو بورڈ میں شامل کیا جائے گا، جبکہ ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کی شمولیت بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔













