کراچی: ایچ آئی وی سے متاثرہ 157 بچوں کی ماؤں کو ماہانہ 40 ہزار روپے امداد دینے کا عمل شروع
سندھ کے محکمہ محنت نے ایچ آئی وی سے متاثرہ 157 بچوں کی ماؤں کو ماہانہ 40 ہزار روپے مالی امداد فراہم کرنے کا عمل شروع کردیا۔
حکام کے مطابق متاثرہ بچوں کی غذائی ضروریات اور دیگر اخراجات پورے کرنے کے لیے ماہانہ مالی امداد دی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں ایچ آئی وی سے متاثرہ 115 بچوں کی ماؤں کے بینک اکاؤنٹس کھول کر انہیں اے ٹی ایم کارڈز جاری کردیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق کلثوم بائی ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی سے متاثرہ 130 جبکہ لانڈھی اسپتال میں 27 بچے رجسٹرڈ ہیں۔ تاہم متاثرہ بچوں کی ماؤں کو ماہانہ مالی امداد کب تک جاری رہے گی، اس حوالے سے کوئی حتمی مدت نہیں بتائی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ محکمہ محنت سندھ نے متاثرہ بچوں کے علاج کے لیے 2 ارب روپے کا انڈومنٹ فنڈ بھی منظور کیا ہے۔













