پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار اور ماڈل حمزہ علی عباسی نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سیاست، ماضی میں پاکستان تحریکِ انصاف سے وابستگی، اور موجودہ سیاسی حالات پر کھل کر گفتگو کی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی سیاست کو بطور کیریئر نہیں اپنایا، وہ صرف ایک تحریک کا حصہ تھے۔
حمزہ علی عباسی نے انکشاف کیا کہ جب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انہیں پارٹی کا سیکرٹری ثقافت مقرر کیا تو انہوں نے صاف انکار کر دیا تھا اور انہیں بتایا تھا کہ مستقبل میں وہ سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شمولیت صرف نظریاتی حمایت تک محدود تھی، سیاسی کیریئر بنانے کا کبھی ارادہ نہیں تھا۔
پوڈکاسٹ میں میزبان کے سوال پر حمزہ علی عباسی نے موجودہ سیاسی حالات پر بھی اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالات بہت آگے نکل چکے ہیں اور اب وقت آ گیا ہے کہ تمام فریقین پیچھے ہٹ کر ہوش مندی کا مظاہرہ کریں۔ ان کے مطابق جو لوگ جیل جا چکے ہیں اور جنہوں نے عمران خان کو جیل میں ڈالا، دونوں کو دو دو قدم پیچھے ہٹ کر بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے۔
اداکار نے یہ بھی کہا کہ ملک کے حالات بظاہر بہتر ہیں مگر یہ خراب بھی ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق مستقل بہتری اسی وقت آ سکتی ہے جب سب مل کر چلیں، اختلافات کے باوجود مفاہمت کی راہ نکالی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سب ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک کے لیے سوچیں۔