پنجاب حکومت نے سموگ کی وجہ سے لاہور سمیت پنجاب کے 10 اضلاع میں ہفتے اور جمعہ کے روز تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سموگ کے پیش نظر نگران پنجاب حکومت نے اہم فیصلے کیے ہیں۔ سموگ کی صورتحال کے حوالے سے نگران وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت آج اجلاس منعقد ہوا جس میں سموگ پر قابو پانے کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔
نگران پنجاب حکومت نے جمعہ کو 10 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہفتے کو مارکیٹیں دوپہر تین بجے کے بعد کھلیں گی۔ اتوار کو مارکیٹیں مکمل طور پر بند رہیں گی اور اتوار کو صبح سے شام پانچ بجے تک مال روڈ پر سائیکلنگ ہوگی۔ نگران وزیراعلی نے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ ڈبل کرنے کی ہدایت دی ہے اور شہریوں کو ماسک پہننے کی بھی تاکید کی ہے۔
دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر ، اسلام آباداور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقا مات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند،سموگ کا امکان ہے۔