پاکستان تحریک انصاف کے نئے چیئرمینبیرسٹر گوہر خان نے اپنے انتخاب کے فوری بعد پہلا بیان جاری کردیا ہے۔ بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتہائی اہم منصب ملنے پر پارٹی کا شکر گزار ہوں، اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھاؤں گا۔ پہلے پارٹی سربراہ کا فیصلہ ہی پوری پارٹی کا فیصلہ ہوتا تھا مگر عوام کی آواز سننی چاہئے، ہم بھی عوام کی آواز سنیں گے۔ پاکستان میں 175 سیاسی جماعتیں ہیں۔ آج تک کسی پارٹی کے انٹرا پارٹی الیکشن کو ایسے منعقد نہیں کیا گیا۔ ہمارا الیکشن جیسے ہوا، ایسا کسی سیاسی جماعت کا نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ آج پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن منعقد ہوئے اور انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل آن لائن مکمل کیا گیا۔ انتخابات میں بیرسٹر گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف منتخب ہو گئے جبکہ چوہدری پرویز الہی کو مرکزی صدر پی ٹی آئی اور عمر ایوب کو مرکزی سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیف الیکشن کمشنر نیاز اللہ نیازی نے کہا کہ تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن میں ایک پینل سامنے آیا، قواعد کے مطابق اعلان کر رہے ہیں، قانون کی بالا دستی اور پاسداری پر ملک قائم ہوگا۔ آج پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن ہوئے، چیئرمین سمیت دیگر امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے تھے۔
انتخاب کے بعد چئیرمین پی ٹی آئی گوہر خان نے مزید کہا کہ جو ریلیف ہمیں ملنا چاہئے تھا وہ نہیں مل سکا۔ آج بھی ہماری آدھی سے زیادہ لیڈر شپ انڈر گراونڈ ہے۔ میری چیف جسٹس پاکستان سے درخواست ہے کہ براہ کرم اپنی گاڑیاں واپس نہ کریں، ہمارے حقوق ہمیں واپس دلوائیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔