ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے 25 مئی لانگ مارچ جلاؤ گھیراؤ کیسز میں سابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سینئر رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کو بری کر دیا ہے۔ جلاؤ گھیراؤ کیس کی سماعت سول جج نوید خان نے کی، عدالت نے دیگر ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔
خیال رہے کہ 25 مئی کو لانگ مارچ کے دوران جلاؤ گھیراؤ کے حوالے سے عمران خان اور اسد عمر کے خلاف تھانہ کورال میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھا نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان و دیگر کے خلاف لانگ مارچ توڑ پھوڑ پر درج 2 مقدمات میں بریت کی درخواست 9 ستمبر کو جمع کروائی تھی جس پر آج انہیں بری کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جہاں جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی، عدالت نے جیل ٹرائل روکنے کی عمران خان کی فوری استدعا مسترد کردی ہے، لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا ہے۔