پی ٹی آئی کو انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے بڑا ریلیف ملنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ تحریک انصاف کی انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس کامران حیات میاں خیل پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر آج ہی سماعت کریں گے۔ پی ٹی آئی نے انتخابی نشان نہ دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے وکلاء کی ٹیم کے ذریعے پشاور ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے، اس حوالے سے دائر کردہ درخواست میں تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر قانونی قرار دینے اور پٹیشن پر سماعت بھی آج ہی کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔
پشاور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر کیس آج ہی سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔ پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں مؤقف دیا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس پارٹی انتخابات کرانے کے طریقے سے متعلق فیصلہ دینے کا اختیار نہیں ہے، مزید براں جن لوگوں نے انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کیا وہ پارٹی ممبر ہی نہیں ہیں۔